ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : سورتکل گیٹ پر ٹول وصولی بند - ہیجماڈی گیٹ پر ٹول فیس میں ابھی نہیں ہوا اضافہ

منگلورو : سورتکل گیٹ پر ٹول وصولی بند - ہیجماڈی گیٹ پر ٹول فیس میں ابھی نہیں ہوا اضافہ

Thu, 01 Dec 2022 15:28:22    S.O. News Service

منگلورو، یکم دسمبر (ایس او نیوز) گزشتہ نصف شب سے سورتکل گیٹ پر ٹول وصولی بند کردی گئی ، لیکن اس سے قبل ہیجماڈی گیٹ پر دوگنا ٹول وصول کرنے کا جو اعلان کیا گیا تھا اس کے برخلاف فی الحال وہاں پہلے جتنا ہی ٹول وصول کیا جا رہا ہے ۔

بتایا جاتا ہے کہ اضافہ شدہ ٹول فیس کی وصولی شروع کرنے کا معاملہ ابھی زیر غور ہے ۔ اس سے پہلے حکومت کی طرف سے ہدایت جاری کی گئی تھی کہ سورتکل گیٹ کی ٹول فیس کی بھرپائی کے لئے ہیجماڈی گیٹ پر وصول کی جا رہی فیس پر نظر ثانی کی جائے گی ، اور اس کے مجوزہ فیس دوگنی کر دی گئی تھی ۔ مگر تازہ اطلاعات کے مطابق دونوں ٹول گیٹس کو ایک دوسرے میں ضم کرنے کے تعلق سے ابھی ہدایات موصول نہیں ہوئی ہیں اس لئے ہیجماڈی گیٹ پر فی الحال پہلے سے جاری فیس ہی وصول کی جا رہے گی ۔

ٹول وصول کرنے والی ٹھیکیدار کمپنی نو یُگ کے ذرائع نے بتایا کہ : "ہیجماڈی نو یُگ اور این ایچ اے آئی کے درمیان اس طرح کے معاہدے کی کوئی اطلاع ہماری کمپنی کے اعلیٰ کی طرف سے ہمیں موصول نہیں ہوئی ہے ۔ اس لئے ہیجماڈی گیٹ پر یکم دسمبر سے بھی پرانے چارجس ہی وصول کیے جائیں گے ۔"

خیال رہے کہ سورتکل گیٹ بند کرنے کے ساتھ ہیجماڈی گیٹ پر دوگنا ٹول وصول کرنے کی جو تجویز حکومت نے رکھی تھی اس پر عوام میں شدید مخالفت شروع ہوگئی تھی اور ہوراٹا سمیتی نے کل 2 دسمبر سے ہیجماڈی میں احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ 

بعض ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق ہیجماڈی میں ٹول وصول کر رہی نَو یُگ کمپنی کے ساتھ افسران کی بات چیت کے باوجود عوامی مخالفت اور احتجاج کے خوف سے کمپنی دوگنا ٹول وصول کرنے پر رضا مند نہیں ہوئی ہے ، اس لئے ہیجماڈی گیٹ پر کم از کم ایک ہفتے کے لئے اضافی ٹول کو ٹال دیا گیا ہے ۔ 

 اسی بیچ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ دوگنا ٹول وصول کرنے کے لئے راضی نہ ہونے پر مرکزی وزیر نتین گڈکری نے نَو یُگ کمپنی کے انتظامیہ کمیٹی کو دہلی طلب کیا ہے اور امکانی طور پر آج یا کل جمعہ کے دن یہ میٹنگ منعقد ہوسکتی ہے ۔ 


Share: